سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لوکل گورنمنٹ الیکشن کو جلد از جلد کرانے کا حکم دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی طرف سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لوکل گورنمنٹ الیکشن جلد کرنے کا حکم دے دیا۔دونوں جماعتوں کا موقف تھا کہ کراچی میں مقامی حکومت کے الیکشن جلد از جلد منعقد کرائے جائیں۔
اس معاملے پر سندھ حکومت کا موقف تھا کہ الیکشن کو سیلاب اور سیاسی صورتحال کی وجہ سے موخر کیا گیا ہے۔تاہم اس معاملے پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سکیورٹی اور سیلاب کا بہانہ بنا کر لوکل گورنمنٹ الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔
عدالت میں درخواست جماعت اسلامی کے سیف الدین اور تحریک انصاف کے علی زیدی کی طرف سے دائر کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا لوکل گورنمنٹ الیکشن میں تاخیر کا واحد مقصد پیپلزپارٹی خود کو بچانے اور اپنے ساتھ جرائم میں ملوث جماعت ایم کیو ایم کو فائدہ پہنچانے کے لیے کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا ہر ایک اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ تحریک انصاف کی مقبولیت عروج پر ہے اور ان کی فتح کے خوف سے پیپلزپارٹی سکیورٹی اور سیلاب کا بہانہ بنا کر اس الیکشن کو موخر کر رہی ہے۔